کاروار:20؍مارچ(ایس اؤ نیوز)جولوگ سیرو تفریح اور موج مزے کے لئے ضلع میں آتے ہیں انہیں واپس بھیج دینے کااترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے ہریش کمار نے حکم نامہ جاری کیا ہے۔
وہ یہاں ڈی سی دفترہال میں ضلع کے مختلف تعلقہ جات کے تحصیلدار ، ای اؤ، اسسٹنٹ کمشنراور صحت عامہ افسران کے ساتھ منعقد ہوئی وڈیوکانفرنسنگ میں کروناوائرس کو لےکر پیشگی اقدامات کے متعلق ہدایات دے رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جو کوئی سیر وتفریح کے لئے آئیں گے انہیں ضلع کی سرحد پر روک لیں گے۔ مذہبی مقامات پر پوجاوغیرہ ہوسکتے ہیں ،البتہ بھگتوں کو جانےپرپابندی عائد کی گئی ہے، مندر کا پجاری اور انتظامیہ ممبران مندر میں داخل ہوسکتےہیں، یہاں بھی 5سے زائد افراد کو اجازت نہیں ہوگی ۔
اس موقع پر ڈی سی نے بتایا کہ جو لوگ کمائی کے لئے آتے ہیں انہیں نہ روکیں، مگر خیال رکھیں کہ عوامی ہجوم نہ ہو۔ ضلع بھر میں کروناوائرس بیداری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے مزید بہتر اندازمیں ترتیب دیتے ہوئے ہرایک فرد پہنچنے کی بات کہی۔
دفعہ 144نافذ:منڈگوڈ تعلقہ تبت کالونی میں پیشگی اور احتیاطی تدابیر کے طورپر دفعہ 144نافذ کی گئی ہے۔ جو کوئی اصولوں کی خلاف ورزی کرے گا اس پر ایف آئی آر داخل کرنےکی ڈی سی نے ہدایت دی۔
ضلع پنچایت کے ایگزکیٹیو افسر محمد روشن نے جانکاری دی کہ سرکاری دفاتر میں خدمات انجام دینے والے حاملہ اور زچہ خواتین کو 31مارچ تک گھروں سے ہی کام کرنے کا حکم دیاگیا ہے۔ غیر صحت مند سرکاری عملہ بھی اپنے افسران سے منظوری لے کر 31 مارچ تک گھروں میں ہی کام کرسکتےہیں۔انہوں نے بتایا کہ بنیادی سہولیات میں کوئی کمی نہ ہو اس کا دھیان رکھتے ہوئے عوامی ہجوم کو موقع نہ دینے کی بات کہی۔
ضلع ایس پی شیو پرکاش دیوراج نے بتایا کہ جو بھی آپ کوہرلحظہ ،ہرمنٹ جانکاری حاصل ہوتی ہے وہ فوری طورپر واٹس گروپ میں پوسٹ کریں، کہیں بھی افواہوں کو موقع نہ دیں، چک پوسٹ پر ٹھیک ٹھیک جانچ کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ صرف ایک محکمہ کا کام نہیں ہے ، ایسے ہنگامی حالات میں سبھی محکمہ جات کو ذمہ داری کے ساتھ آپسی تال میل سے کام کرنے کی ضرورت ہونے کی بات کہی۔ پریس کانفرنس میں اسسٹنٹ کمشنر پریانگا ایم، ضلع صحت عامہ افسر جی این اشوک کمار ، میڈیکل سائنس مرکز ڈائرکٹر شیوانند کوڈلیکر ، ڈاکٹر ونود بھوتے سمیت کئی افسران موجود تھے۔